جنوبی افریقہ کے خلاف لاھور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم پہلی اننگز 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سلمان علی آغا اور امام الحق 93، 93 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سینورن متھوسوامی نے 6، پرینیلان سبرائن نے 2 جبکہ سائمن ہارمر اور کگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹیسٹ کے دوسرے روز محمد رضوان نے 62 اور سلمان علی آغا نے 52 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 49 رنز کا اضافہ کیا، تاہم متھوسوامی نے 362 کے مجموعے پر محمد رضوان کو آؤٹ کیا، کپتان شان مسعود 76، اسٹار بیٹر بابر اعظم 23، عبداللّٰہ شفیق 2 اور سعود شکیل صفر رنز بنا کر پویلین لوٹے ہیں۔
سلمان علی آغا ٹیل اینڈز کے ساتھ ٹیم کا اسکور 378 تک ہی لے جانے میں کامیاب رہے، تاہم وہ بھی سنچری سے کچھ رنز کی دوری پر پویلین لوٹ گئے۔
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے تھے۔
امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، انہوں نے 153 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی اور اس دوران 1 چھکا اور 9 چوکے لگائے۔

