واشنگٹن: امریکی ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے نظامِ شمسی سے باہر واقع ایک چٹانی سیارے LHS 1140 b پر پہلی بار فضا (Atmosphere) کی موجودگی دریافت کر لی ہے، جسے ماہرین زندگی کی تلاش کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔
سائنسی جریدے Science میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یہ سیارہ زمین سے تقریباً 48 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور ایک سرخ بونے ستارے (Red Dwarf Star) کے گرد گردش کرتا ہے۔ یہ سیارہ اپنے ستارے کے قابلِ رہائش خطے (Habitable Zone) میں موجود ہے، جہاں درجہ حرارت ایسا ہو سکتا ہے کہ سطح پر مائع پانی برقرار رہ سکے۔
تحقیق کی قیادت ہارورڈ کے محقق کولن چیروبم (Collin Cherubim) نے کی، جبکہ پروفیسر ڈیوڈ شاربونو (David Charbonneau) اور پروفیسر رابن ورڈز ورتھ (Robin Wordsworth) بھی اس تحقیق کا حصہ تھے۔
ماہرین نے چلی میں موجود میگیلن/کلے ٹیلی اسکوپ کے ذریعے سیارے کا مشاہدہ کیا اور اسپیکٹروسکوپی کی مدد سے اس کی بالائی فضا میں ہیلیم کی موجودگی کا پتا لگایا، جو اس بات کا مضبوط ثبوت ہے کہ سیارے کے گرد واقعی فضا موجود ہے۔
زندگی کے بنیادی عناصر
سائنس دانوں کے مطابق ابھی تک اس سیارے پر زندگی یا مائع پانی کا براہِ راست ثبوت نہیں ملا، تاہم اس میں زندگی کے لیے ضروری کئی بنیادی عناصر موجود دکھائی دیتے ہیں، جن میں چٹانی سطح، مناسب درجہ حرارت اور فضا شامل ہیں۔
تحقیق میں شامل پروفیسر ڈیوڈ شاربونو کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہمارے پاس زندگی کے شواہد موجود نہیں، لیکن اس سیارے پر وہ تمام بنیادی شرائط موجود ہیں جنہیں ہم زندگی کے لیے ضروری سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق اب اس سیارے پر مزید تفصیلی مشاہدات کیے جائیں گے تاکہ اس کی فضا اور ممکنہ رہائشی ماحول کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
مذید خبریں
رابط منقطع ! خلا بازوں نے چاند کی دوسری جانب کیا دیکھا – urdureport.com
ایک ارب سال پہلے کے بلیک ہول اسٹارز کاطاقتور خلائی دوربین سے مشاہدہ – urdureport.com
محققین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت مستقبل میں ایسے مزید سیاروں کی تلاش کی راہ ہموار کرے گی جہاں زندگی کے امکانات موجود ہو سکتے ہیں۔


