خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے جیل میں قید عمران خان کی رہائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کے طور پر ’عمران خان رہائی فورس‘ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان رہائی فورس کے بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور یہ فورس عمران خان کی رہائی تک فعال رہے گی۔
یہ اعلان اسلام آباد میں اس وقت کیا گیا جب اپوزیشن اتحاد کی جانب سے عمران خان کے بہتر علاج کے مطالبے پر دھرنا دیا جا رہا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق ’عمران خان رہائی فورس‘ میں ملک بھر سے نوجوانوں کی رکنیت کی جائے گی۔ اس میں آئی ایس ایف، انصاف یوتھ ونگ، ویمن ونگ، مائنارٹی ونگ، پروفیشنلز سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہو سکیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی اور عمران خان کی رہائی کے لیے متحرک رہے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فورس کے ارکان کو باقاعدہ ممبرشپ کارڈز جاری کیے جائیں گے، جبکہ عید کے بعد پشاور میں نوجوانوں سے حلف لیا جائے گا۔
اس تحریک کے لیے ایک منظم چین آف کمانڈ تشکیل دی جائے گی اور تمام ہدایات عمران خان کی نامزد قیادت کے ذریعے جاری ہوں گی۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اکرام کٹھانہ کے مطابق اس فورس میں ہر وہ شخص شامل ہو سکتا ہے جو عمران خان کی رہائی کے لیے کام کرنا چاہتا ہو۔
اکرام کٹھانہ کے مطابق فورس کی تیاری کا عمل شروع ہو چکا ہے، ممبرشپ کارڈز جلد جاری کیے جائیں گے اور حلف برداری کے بعد فورس باضابطہ طور پر سرگرم عمل ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھئیں


