کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے خلاف تحقیقات میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل فرانزک اور ابتدائی مالیاتی جائزے میں کروڑوں روپے کی مشکوک مالی سرگرمیوں کے شواہد ملنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض بااثر افراد بھی تفتیشی عمل کی زد میں آ سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) مختلف اداروں کے تعاون سے کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے، اے این ایف اور متعلقہ بینکوں سے مالی لین دین کا ریکارڈ اور دیگر اہم معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور رقوم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا سکے۔

کروڑوں کی منتقلی
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کے متعدد بینک اکاؤنٹس میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک اکاؤنٹ سے تقریباً تین کروڑ روپے کی منتقلی ہوئی، جبکہ مبینہ طور پر منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی رہی۔
مذید پڑھئیے
کوکین کوئین پنکی کے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات میں مزید انکشافات – urdureport.com
پنکی کا لاھور گھر :رمضان میں راشن تقسیم ،یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی آمدورفت – urdureport.com
تحقیقاتی دستاویزات میں متعدد افراد کے ذاتی، کاروباری اور بیرونِ ملک اکاؤنٹس میں بڑی رقوم کی منتقلی کے شواہد کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مالی معاملات کی مکمل جانچ کے لیے مزید بینکنگ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے اور اسٹیٹ بینک سے بھی ضروری تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
اہم شخصیات کے نام زیر غور
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران بعض کاروباری شخصیات، شوبز سے وابستہ افراد اور سرکاری عہدیداروں کے نام بھی زیرِ غور آئے ہیں۔ تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا اور کہا ہے کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں، جبکہ دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔


