لاہور: اردو رپورٹ ڈیسک
چیری ماسٹر پاکستان نے اپنی نئی آل الیکٹرک ہیچ بیک چیری کیو (Chery Q) کو پاکستان میں باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔ گاڑی کی رونمائی آج 18 ستمبر کو لاہور میں جاری پاکستان آٹو شو 2026 کے موقع پر کی گئی، جہاں کمپنی نے اس کی قیمت بھی جاری کر دی۔
کار کی قیمت
چیری کیو کی پاکستان میں قیمت 55 لاکھ 54 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کمپنی نے اس سے قبل گاڑی کی بکنگ کے لیے 15 لاکھ روپے کی رقم مقرر کی تھی۔
چیری کیو کو شہری استعمال کے لیے تیار کی گئی جدید برقی گاڑی کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ گاڑی میں 42.7 کلو واٹ آور بیٹری نصب ہے، جو کمپنی کے مطابق ایک چارج پر 400 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہے، تاہم یہ دعویٰ این ای ڈی سی معیار کے تحت ہے۔ گاڑی ریئر وہیل ڈرائیو سسٹم کے ساتھ آتی ہے۔
گاڑی ہی تفصیل
گاڑی کی لمبائی 4,195 ملی میٹر جبکہ وہیل بیس 2,700 ملی میٹر ہے۔ چیری کے مطابق کشادہ کیبن میں پچھلی نشستوں پر مسافروں کے لیے 152 ملی میٹر تک گھٹنوں کی جگہ فراہم کی گئی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور حفاظتی سہولیات
چیری کیو میں لیول 2 ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹنس سسٹم (ADAS) کے تحت 21 معاون خصوصیات شامل ہیں۔ گاڑی میں آٹومیٹک پارکنگ، 540 ڈگری ہائی ڈیفینیشن کیمرا، چھ ایئر بیگز اور تین ڈرائیونگ موڈز بھی دیے گئے ہیں۔
اندرونی حصے میں 15.6 انچ 2.5K ڈسپلے، اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کار پلے، موبائل ایپ کنٹرول اور وائس کمانڈ جیسی سہولیات شامل ہیں۔
گاڑی میں 6.6 کلو واٹ V2L ٹیکنالوجی بھی موجود ہے، جس کے ذریعے گاڑی کی بیٹری سے بیرونی برقی آلات کو بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔
چیری کیو کی پاکستان میں آمد سے مقامی کمپیکٹ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ایک اور آپشن شامل ہو گیا ہے، جبکہ کمپنی اسے شہری سفر اور روزمرہ استعمال کے لیے پیش کر رہی ہے۔


