اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ فریال گوہر نے اپنی پہلی شادی کے دوران پیش آنے والے گھریلو تشدد کے بارے میں دردناک انکشافات کیے ہیں۔ ان کی معروف اداکار جمال شاہ کے ساتھ پہلی شادی 9 سال تک قائم رہی، جو بعد ازاں ختم ہوگئی۔
ایک حالیہ مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے اپنی ازدواجی زندگی کے مشکل دور پر بات کی اور گھریلو تشدد سمیت معاشرتی دباؤ کے مسائل اجاگر کیے۔
اداکارہ کے مطابق شادی کے وقت ان کی عمر صرف 23 سال تھی اور یہ ان کی اپنی پسند کی شادی تھی۔ ان کے خاندان کو اس رشتے پر اعتراض نہیں تھا کیونکہ ان کے شوہر کا تعلق ایک سید گھرانے سے تھا۔
فریال گوہر نے بتایا کہ بعد میں حالات انتہائی خراب ہوگئے اور وہ ان پر ہاتھ اٹھاتے تھے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ سب اپنی محبت کی شادی سمجھ کر برداشت کیا۔

تشدد کے باعث صحت متاثر ہوئی
فریال گوہر نے انکشاف کیا کہ انہیں چمڑے کی بیلٹوں سے مارا جاتا تھا۔ ان کے مطابق تشدد کی شدت کے باعث کئی بار حمل ضائع ہوئے، جبکہ گردوں میں شدید درد رہتا تھا اور انہیں آپریشنز بھی کروانے پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض اوقات چہرے پر نیل، شدید زخم اور چوٹیں ہونے کے باعث انہیں اپنی کلاسز تک چھوڑنا پڑتی تھیں اور جسم پر موجود تشدد کے نشانات چھپانے پڑتے تھے۔
گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی
اداکارہ کے مطابق ان کے لیے صرف جسمانی تشدد ہی تکلیف دہ نہیں تھا بلکہ معاشرتی اور روایتی سوچ نے بھی انہیں جکڑ رکھا تھا۔
فریال گوہر نے بتایا کہ انہیں گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔ وہ پیدل واک کے لیے بھی نہیں جاسکتی تھیں۔
سفر کی صورت میں انہیں رکشے میں پردے کے اندر بٹھایا جاتا اور رکشے کو مکمل طور پر ڈھانپ دیا جاتا تھا تاکہ کوئی انہیں دیکھ نہ سکے۔
خواتین کے لیے فریال گوہر کا پیغام
پروگرام کے دوران فریال گوہر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں 80 فیصد خواتین ازدواجی زندگی میں گھریلو تشدد کا شکار ہیں۔
خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ تذلیل اور برے سلوک سے بہتر زندگی کی مستحق ہیں، اس لیے مشکل حالات سے باہر نکلنا ضروری ہے۔
متعلقہ خبریں
شادی سے ایک دن قبل میں گھر سے بھاگ گئی تھی،اداکارہ کنول فاروق کا انکشاف – urdureport.com


