اردو رپورٹ ڈیسک
وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کے نئے اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی اور سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر تین ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی کھپت نصف کردی جائے۔ یہ اقدامات حکومتی اخراجات کم کرنے اور علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پٹرولیم ذخائر کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔
سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی
حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے علاوہ بجٹ کے دیگر اخراجات میں بھی 5 فیصد کمی کا حکم دیا ہے۔
نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی
وفاقی سرکاری محکموں کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، تاہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے گاڑیوں کی خریداری اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔
بیرون ملک سرکاری دوروں پر تین ماہ کی پابندی
حکومت نے سرکاری افسران کے تمام بیرون ملک دوروں پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ ناگزیر حالات میں وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کو بیرون ملک سفر کی اجازت ہوگی، تاہم انہیں اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ روانہ
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ روانہ ہوچکے ہیں، جہاں وہ چند روز قیام کے بعد امریکا جائیں گے۔
دکانیں اور کاروبار بند رکھنے سے متعلق 19 جون کا نوٹیفکیشن بھی بدستور نافذ العمل رہے گا۔


