حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفات کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام میدانِ عرفات میں جمع ہوگئے، جہاں فضا ’’لبیک اللّٰہم لبیک‘‘ کی روح پرور صداؤں سے گونجتی رہی۔ مسجدِ نبویؐ کے امام الشیخ عبدالرحمان الحذیفی نے مسجدِ نمرہ میں خطبۂ حج دیا جسے لاکھوں حجاج کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں نے بھی براہِ راست سنا۔
اللہ ہی حق ہے۔ اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو۔ قیامت آنے والی ہے، اس میں کوئی شک و شبہ نہیں۔ نیکیاں کر کے گناہوں اور برائیوں سے بچتے ہوئے قیامت کے دن کی تیاری کی جائے، خطبہ حج pic.twitter.com/287ObrJi7T
— Urdu Report (@UrduReportpk) May 26, 2026
خطبۂ حج میں امتِ مسلمہ کو تقویٰ، صبر، اخوت، اتحاد اور توحید پر قائم رہنے کی تلقین کی گئی۔ امام الحج نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے اس کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نبی اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول اور خاتم النبیین ہیں، جبکہ توحید اہلِ ایمان کی بنیادی شناخت ہے۔ خطبے میں شرک سے اجتناب، سچائی اختیار کرنے، بدعت، غیبت اور جھوٹ سے بچنے اور ہر حال میں صبر و شکر کا دامن تھامنے کی نصیحت کی گئی۔
اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر
امام الحج نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنا ضروری ہے کیونکہ ناشکری اور ظلم قوموں سے نعمتوں کے چھن جانے کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ مناسکِ حج مکمل اخلاص اور بہترین انداز میں ادا کریں، کثرت سے استغفار اور دعا کریں اور حج کے دوران ہر قسم کے جھگڑے اور اختلاف سے بچیں تاکہ امت کا اتحاد اور بھائی چارہ برقرار رہے۔
مذید پڑھئیے
کیا سعودی عرب پاکستان ابراہیمی منصوبے پر دستخط کرکے اسرا*ئیل کو تسیلم کریں گے؟ – urdureport.com
امریکہ ایران ممکنہ معاہدے کی تفصیلات منظر عام – urdureport.com
خطبے کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، مسلم دنیا کے مسائل کے حل، امن و استحکام، مسلمانوں کی ہدایت، گناہوں کی مغفرت اور اعمال کی قبولیت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خطبے کے بعد مسجدِ نمرہ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی گئیں، جبکہ حجاج غروبِ آفتاب تک عبادات، تلاوت، ذکر و اذکار اور مناجات میں مشغول رہے۔
سورج غروب ہونے کے بعد حجاج کرام کے قافلے وادی مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کی جائیں گی۔ حجاج مزدلفہ میں رمیِ جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اور رات وہیں قیام کے بعد مناسکِ حج کے اگلے مرحلے کی ادائیگی کریں گے۔ پاکستانی عازمینِ حج سمیت دنیا بھر سے آئے فرزندانِ اسلام کی میدانِ عرفات میں عبادات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ یومِ عرفہ کے موقع پر پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کے امن، سلامتی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔


