اردو رپورٹ ڈیسک
وفاقی حکومت نے اسموگ اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے فٹنس اور اخراجِ دھواں کے درست ٹیسٹ کے بغیر گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں وفاقی دارالحکومت کی اسموگ کی صورت حال، فضائی معیار کے اشاریے اور ہوا کو صاف رکھنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی
اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسموگ کی روک تھام کے لیے باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر اقدامات کریں۔ کھلے مقامات پر کچرا اور دیگر اشیا جلانے سمیت فضائی آلودگی کا سبب بننے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی اور بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔
انہوں نے دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
محسن نقوی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں
وزیر مملکت برائے داخلہ نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسموگ پر قابو پانے کے اقدامات اور ان پر عمل درآمد کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر کے دوران اسلام آباد میں فضائی معیار کا اشاریہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بہتر رہا۔
عوام سے تعاون کی اپیل
طلال چوہدری نے اسموگ پر قابو پانے اور فضائی معیار بہتر بنانے کے لیے عوامی تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ آلودگی میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔


