اردو رپورٹ ڈیسک
برازیل کے ایمازون جنگلات میں کئی دہائیوں سے بیرونی دنیا سے الگ تھلگ رہنے والے مقامی قبیلے کے تقریباً 20 افراد اچانک ایک گاؤں کے قریب نمودار ہوگئے، جس کے بعد ان کی صحت اور تحفظ کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق آوا قبیلے کے افراد پیر کے روز برازیل کی شمال مشرقی ریاست مارانیاو کے علاقے اراربوئیا میں ایک سرکاری چوکی اور تواری نامی گاؤں کے قریب دیکھے گئے۔ اس گاؤں میں پڑوسی مقامی قبیلے گواخاجارا کے افراد آباد ہیں۔
برازیل کی وزارتِ امورِ مقامی آبادی نے منگل کو بتایا کہ حکام صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ابتدائی اطلاعات کی تصدیق کی جارہی ہے۔
آوا قبیلے کے افراد کئی دہائیوں سے گھنے جنگلات میں شکار، ماہی گیری اور قدرتی ذرائع سے خوراک حاصل کرکے زندگی گزار رہے ہیں اور بیرونی دنیا سے ان کا رابطہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
اچانک آبادی کے قریب آمد
آوا قبیلے کے افراد کی اچانک گاؤں کے قریب آمد کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ان کے آبائی علاقے کو غیر قانونی درختوں کی کٹائی، شکار اور بیرونی افراد کی مداخلت کے باعث مسلسل خطرات لاحق ہیں۔
پڑوسی گواخاجارا قبیلے کے افراد کی بنائی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں آوا قبیلے کے مرد، خواتین اور بچے گھنی جھاڑیوں کے درمیان دکھائی دے رہے ہیں۔ بعض افراد کے ہاتھوں میں کمان اور تیر ہیں، جبکہ کچھ نے پروں سے بنے سرپوش اور گلے میں ہار پہن رکھے ہیں۔
مقامی آبادی کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم سروائیول انٹرنیشنل کے مطابق آوا قبیلے کے افراد نے ایک سرکاری ٹیم سے رابطہ کرکے شکرقندی مانگی، جو انہیں فراہم کردی گئی۔ خوراک ملنے کے بعد یہ افراد دوبارہ جنگل میں واپس چلے گئے۔
سروائیول انٹرنیشنل برازیل کی سربراہ سارہ شینکر نے اس واقعے کو ایک بحرانی لمحہ اور حکام کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے برازیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ آوا قبیلے کے علاقے میں غیر قانونی مداخلت روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کی تصاویر ان الگ تھلگ مقامی قبائل کی موجودگی کا ٹھوس ثبوت بھی فراہم کرتی ہیں، جن کے وجود پر بعض اوقات ان کی زمینوں تک رسائی حاصل کرنے کے خواہش مند افراد سوال اٹھاتے ہیں۔
غیر قانونی سرگرمیوں سے قبیلے کی بقا کو خطرہ
اراربوئیا کا علاقہ کئی دہائیوں سے غیر قانونی سرگرمیوں کی زد میں ہے۔ جنگلات کی کٹائی اور بیرونی افراد کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے باعث وہاں آباد الگ تھلگ قبائل کے لیے اپنی روایتی زندگی برقرار رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
اس صورت حال میں متعدی بیماریوں کا خطرہ بھی ایک بڑی تشویش ہے۔ بیرونی دنیا سے رابطہ نہ رکھنے والے مقامی افراد میں عام بیماریوں کے خلاف مدافعت محدود ہوتی ہے، اس لیے معمولی انفیکشن بھی ان کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
سارہ شینکر کے مطابق گواخاجارا قبیلے کے افراد کئی برسوں سے اپنے جنگلات کی نگرانی اور غیر قانونی مداخلت کے خلاف مزاحمت کررہے ہیں، تاہم ان کوششوں کے دوران برادری کے بعض افراد کو قتل بھی کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے اور وہاں آباد مقامی برادریوں کے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری برازیلی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
حکومت نے نگرانی اور طبی اقدامات شروع کردیے
برازیل کی وزارتِ امورِ مقامی آبادی کے مطابق آوا قبیلہ پہلے ہی الگ تھلگ مقامی آبادیوں کے سرکاری ریکارڈ میں شامل ہے اور وفاقی ادارے فونائی (FUNAI) کی ایک خصوصی ٹیم اس کی نگرانی کرتی ہے۔
حکام نے علاقے میں فونائی کے اہلکاروں اور مقامی طبی کارکنوں کو تعینات کردیا ہے، جبکہ مستقبل میں کسی ممکنہ رابطے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے صحت کے خطرات کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی رابطہ کاری کا نظام بھی فعال کردیا گیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ حکومتی پالیسی ایسے الگ تھلگ قبائل سے رابطہ قائم کرنے کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی بلکہ ان کے تنہائی میں رہنے اور اپنی مرضی سے بیرونی دنیا سے تعلق قائم کرنے یا نہ کرنے کے حق کا تحفظ کرتی ہے۔
حکام کے مطابق کسی مختصر ملاقات کا یہ مطلب نہیں کہ آوا قبیلے نے اپنی الگ تھلگ زندگی ختم کرنے یا بیرونی دنیا سے مستقل رابطہ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
آوا قبیلے کے تقریباً 100 افراد اب بھی تنہائی میں آباد
سروائیول انٹرنیشنل کے ایک سابقہ تخمینے کے مطابق آوا قبیلے کے تقریباً 100 افراد اب بھی بیرونی دنیا سے الگ تھلگ زندگی گزار رہے ہیں، تاہم یہ تعداد قبیلے کی موجودہ آبادی کا حتمی تخمینہ نہیں ہے۔
آوا برادری کے کچھ دوسرے افراد ایسے دیہات میں بھی آباد ہیں جہاں ان کا بیرونی دنیا سے رابطہ قائم ہوچکا ہے۔
سارہ شینکر کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ آوا قبیلے کے الگ تھلگ افراد جنگل میں اپنی روایات اور مرضی کے مطابق زندگی گزارتے رہیں اور انہیں بیرونی مداخلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کے مطابق اس قبیلے کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ غیر متعلقہ اور غیر مجاز افراد کو ان کے جنگلات سے مکمل طور پر دور رکھا جائے۔


