نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے مسلم لیگ (ن) کے پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر میں ان پر اداکارہ اور ماڈل مومنہ اقبال (جنہیں منیٰ امتیاز بھی کہا جاتا ہے) کے خلاف سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔اداکارہ کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔
جبکہ ثاقب چدھڑ نے جمعہ کو ضلعی عدالت لاہور سے قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔سماعت کے دوران ثاقب چدھڑ اپنے وکیل میاں علی اشفاق کے ہمراہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عرفان احمد شیخ کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں سماعت کے بعد ان کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی گئی۔
عدالت نے این سی سی آئی اے کو 24 جون تک ثاقب چدھڑ کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور آئندہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔
ایف آئی آر میں الزام
ایف آئی آر کے مطابق ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ اور بعض ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے اداکارہ کو آن لائن ہراسانی کا نشانہ بنایا، مبینہ طور پر بلیک میل کیا اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اداکارہ کو اس وقت شادی کی پیشکش کی جب وہ پہلے سے شادی شدہ تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق جب اداکارہ نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کیا تو انہیں مبینہ طور پر بلیک میل کیا گیا اور ذاتی نوعیت کی ویڈیوز اور ڈیٹا لیک کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
تحقیقات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2023 میں ملزم کی جانب سے اداکارہ کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، جس کے نتیجے میں ان کا ایک رشتہ متاثر ہوا۔مزید الزام ہے کہ اداکارہ، ان کے شوہر اور اہل خانہ کو مسلسل دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے، جبکہ ان کی بہن کو بھی اسی نوعیت کے پیغامات موصول ہوئے۔
دھمکی آمیز پیغامات
ایف آئی آر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دھمکی آمیز پیغامات ایک ایسے نمبر سے ٹریس ہوئے جو ثاقب چدھڑ سے منسلک پایا گیا۔ اس کے علاوہ مبینہ طور پر بلیک میلنگ سے متعلق مواد اداکارہ کے موبائل فون سے بھی برآمد ہوا۔اداکارہ کی بہن، جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، نے این سی سی آئی اے کو ایک ویڈیو بطور ثبوت فراہم کی ہے جبکہ ایک موبائل فون کو فارنزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ملزم نے اپنے موبائل فون سے کچھ ڈیٹا اور ایپس حذف کرنے کی بھی کوشش کی، جس کے بعد فون ادارے کے حوالے کیا گیا۔اس سے قبل اداکارہ نے لاہور کے تھانہ چونگ میں بھی درخواست جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے ہراسانی، بلیک میلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے تھے۔


