ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ویزا نظام میں ایک نئی سہولت متعارف کراتے ہوئے ویزا فیس میں "نسک فوڈ واؤچر” شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت پاکستان سمیت چار ممالک کے عمرہ زائرین کو فراہم کی جائے گی۔
سعودی حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ ویزا کے ساتھ روزانہ 20 سعودی ریال مالیت کا ڈیجیٹل فوڈ واؤچر فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کو معیاری، محفوظ اور منظم انداز میں کھانے کی سہولت دینا ہے۔
اس اسکیم کے تحت زائرین کو ایک خصوصی ڈیجیٹل کوڈ جاری کیا جائے گا، جسے نسک (Nusuk) پلیٹ فارم سے منسلک 10 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس پر استعمال کیا جا سکے گا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ واؤچر کے لیے زائرین سے علیحدہ کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی، بلکہ یہ سہولت عمرہ ویزا فیس کا حصہ ہوگی، جیسے ویزا نظام میں دیگر لازمی خدمات پہلے سے شامل کی جاتی ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق فی الحال پاکستان سمیت چار ممالک پر کیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں اسے مزید ممالک تک توسیع دی جا سکتی ہے۔
نسک پلیٹ فارم کا حصہ
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت نے صرف ان ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو نسک پلیٹ فارم کا حصہ بنایا ہے جو مقررہ معیار پر پورا اترتے ہیں، تاکہ عمرہ زائرین کو صاف، معیاری اور محفوظ خوراک میسر آ سکے۔ وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمرہ پیکجز صرف منظور شدہ ٹریول کمپنیوں کے ذریعے حاصل کریں۔
مذید خبریں
سعودی ایپ ’ہُدہُد‘ سے عمرہ زائرین کی رہنمائی , مکہ کے مقدس مقامات تک رسائی – urdureport.com
سعودی عرب ! نیا ملٹی پل عمرہ ویزہ متعارف، ایک سال تک بار بار سفر کی سہولت عرب – urdureport.com
دوسری جانب ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اگرچہ فوڈ واؤچر کی قیمت الگ سے وصول نہیں کی جائے گی، تاہم اس سہولت کو ویزا فیس میں شامل کیے جانے کے باعث عمرہ پیکجز کی مجموعی لاگت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات براہِ راست زائرین کے اخراجات پر پڑ سکتے ہیں۔
نسک سعودی عرب کی سرکاری ڈیجیٹل ایپ ہے، جس کے ذریعے عمرہ، زیارت، رہائش، نقل و حمل اور دیگر متعلقہ خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں۔


