اردو رپورٹ ڈیسک
حکومت نے پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو فی لیٹر 100 روپے رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی نے اس سلسلے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی نے نادرا، ٹیلی کام آپریٹرز اور صوبائی محکموں کے تعاون سے ایک خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا ہے۔ گاڑیوں کی تصدیق صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کے ذریعے کی جائے گی۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنے نام پر جاری موبائل سم استعمال کرنا ہوگی۔ مقررہ طریقہ کار کے مطابق ایس ایم ایس بھیجتے وقت شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
درخواست گزاروں کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام
رجسٹریشن کامیاب ہونے پر درخواست گزاروں کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
پیٹرول حاصل کرنے سے قبل رجسٹرڈ شہریوں کو “TOK” لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ موبائل فون پر موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔
اس اسکیم میں موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک انجن رکھنے والی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
کس کس کو سبسڈی ملے گی؟
موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پیٹرول پر رعایت دی جائے گی، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان ماہانہ 30 لیٹر تک رعایتی پیٹرول حاصل کر سکیں گے۔
اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع ہوگی۔ ملک کے دیگر حصوں میں یہ سہولت بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے دستیاب ہوگی۔


