وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں رہائشی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے ’وزیراعظم اپنا گھر‘ Prime minister Apna Ghar schemeپروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت شہریوں کو گھر خریدنے کے لیے طویل المدتی اور نسبتاً آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔
حکومتی تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض 20 سال کی مدت کے لیے حاصل کیا جا سکے گا۔ درخواست گزاروں کو اپنی درخواست آن لائن جمع کروانا ہوگی جبکہ حتمی منظوری ایک ماہ کے اندر دی جائے گی۔ اس قرض کے ذریعے 10 مرلہ پلاٹ یا اسی سائز کا تیار شدہ گھر خریدا جا سکے گا، جس میں 90 فیصد مالی معاونت اسکیم کے تحت جبکہ 10 فیصد صارف کو خود فراہم کرنا ہوگا۔
قرض کی فراہمی اسلامی و کمرشل بینکوں، مائیکروفنانس اداروں اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنیوں کے ذریعے کی جائے گی۔ درخواست دہندگان 25 لاکھ سے لے کر ایک کروڑ روپے تک مختلف کیٹیگریز میں قرض حاصل کر سکتے ہیں، اور اس کے لیے کسی قسم کی پیشگی فیس یا ادائیگی کی شرط عائد نہیں کی گئی۔
قرضے پر مارک اپ
مارک اپ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی 10 سال تک شرح 5 فیصد مقرر ہوگی، جبکہ باقی 10 سال کے لیے نارمل بینکنگ ریٹ لاگو ہوگا۔ اس کے تحت 25 لاکھ روپے کے قرض پر ماہانہ قسط تقریباً 16 ہزار 499 روپے، 50 لاکھ پر 32 ہزار 997 روپے، 75 لاکھ پر 49 ہزار 497 روپے اور ایک کروڑ روپے کے قرض پر تقریباً 65 ہزار 996 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔
حکام کے مطابق قرض حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندہ کا قومی شناختی کارڈ ہولڈر ہونا اور کسی دوسرے قرض میں ڈیفالٹر نہ ہونا ضروری ہے۔ اس منصوبے کی نگرانی اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کریں گے۔
حکومت کا ہدف
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہر شہری کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بڑی آبادی اب بھی ذاتی گھر سے محروم ہے، اور یہ اسکیم پورے پاکستان کے لیے ہے، کسی ایک علاقے تک محدود نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ چار برسوں میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی شعبے کی ترقی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے اسکیم کے تحت منتخب ہونے والے افراد میں چیک بھی تقسیم کیے اور تعاون کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کا اعلان کیا۔
مزید پڑھئِے


