اردو رپورٹ ڈیسک
پنجاب حکومت نے نجی تعلیمی اداروں سے متعلق قانون میں ترمیم کے ذریعے رہائشی علاقوں میں قائم ہوم ٹیوشن، اکیڈمیوں اور کوچنگ سینٹرز پر پراپرٹی ٹیکس عائد کردیا ہے۔
ترمیم کے ذریعے ان اداروں کو پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2026 کے تحت نجی تعلیمی اداروں کی تعریف میں شامل کیا گیا ہے۔
ہوم ٹیوشن اور چھوٹی اکیڈمیاں بھی شامل
ترمیم شدہ قانون کے تحت گھروں سے چلنے والے ٹیوشن سینٹرز، جن میں خواتین اور لڑکیوں کی جانب سے چلائے جانے والے مراکز بھی شامل ہیں، کو باضابطہ طور پر نجی تعلیمی ادارے تسلیم کیا گیا ہے۔
اسی طرح چھوٹے کوچنگ سینٹرز اور محلہ سطح پر قائم اکیڈمیوں کو بھی قانون کے دائرے میں شامل کرلیا گیا ہے۔
عمارتوں اور جائیداد پر پراپرٹی ٹیکس
ترمیم شدہ قانون کے تحت ان ٹیوشن سینٹرز، اکیڈمیوں اور کوچنگ سینٹرز کی عمارتیں اور جائیدادیں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کے تحت آئیں گی۔
بجلی اور پانی کے کنکشن بھی تجارتی تصور ہوں گے
قانون کے تحت ایسے اداروں کے بجلی اور پانی کے کنکشنز کو تجارتی تصور کیا جائے گا۔


