متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے باعث تین افریقی ممالک کے شہریوں کے لیے نئے ویزوں کے اجرا کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اماراتی حکام کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق یہ پابندی جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے شہریوں پر لاگو ہوگی۔ فیصلے کے تحت ان ممالک کے لیے تمام نئے ویزے، بشمول سیاحتی اور وزٹ ویزے، فی الحال جاری نہیں کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک سے تعلق رکھنے والے ایسے مسافر بھی امارات میں داخل نہیں ہو سکیں گے جو کسی دوسرے ملک کے راستے سفر کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
کن کو داخلے کی اجازت؟
تاہم حکام نے وضاحت کی ہے کہ وہ افراد جو امارات روانگی سے قبل کم از کم 21 دن تک ان تینوں ممالک سے باہر مقیم رہے ہوں، مقررہ ضوابط کی تکمیل کے بعد داخلے کے اہل ہوں گے۔
یہ پابندیاں 6 جون 2026 کو دوپہر ایک بجے سے نافذ العمل ہو گئی ہیں۔ حکام کے مطابق عالمی صحت کی صورتحال اور ایبولا وائرس سے متعلق خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان اقدامات پر نظرثانی یا توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
مذید خبریں
ایران میں سعودی عرب اور یو اے ای کی خفیہ کارروائیاں،رپورٹ – urdureport.com
اماراتی اداروں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان پابندیوں کا اطلاق تجارتی سامان کی ترسیل پر نہیں ہوگا۔ کارگو سروسز اور بین الاقوامی ٹرانزٹ پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی تاکہ سپلائی چین اور فضائی نقل و حمل متاثر نہ ہو۔
متحدہ عرب امارات کے مطابق یہ اقدامات عوامی صحت کے تحفظ اور ممکنہ وبائی خطرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر اختیار کیے گئے ہیں، جبکہ عالمی ادارے اور مختلف ممالک افریقا میں ایبولا سے متعلق صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔


