مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے بعض حلقوں میں پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ باقی حلقوں میں ووٹنگ مقررہ تاریخ 10 اگست کو ہی کرائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ راولاکوٹ اور پلندری کے مجموعی طور پر سات انتخابی حلقوں میں پولنگ فی الحال نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق مختلف درخواستوں، مقامی حالات اور متعلقہ اداروں سے حاصل ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں سے انتخابات مؤخر کرنے کی متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن پر قانونی تقاضوں اور زمینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غور کیا گیا۔ جائزے کے بعد بعض حلقوں میں پولنگ مؤخر کرنے جبکہ دیگر حلقوں میں انتخابی عمل شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کہاں کہاں پولنگ ہو گی؟
کمیشن کے مطابق چار حلقوں میں پولنگ 10 اگست کو بغیر کسی تبدیلی کے منعقد ہوگی اور انتخابی انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ادھر ضلع باغ کے تین جبکہ ضلع حویلی کے ایک حلقے پر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، جہاں ایک موجودہ وزیراعظم اور دو سابق وزرائے اعظم کے مابین انتخابی مقابلہ اس مرحلے کو غیر معمولی اہمیت دے رہا ہے۔
مذید پڑھئِے
مہاجرین کشمیر کے حقیقی وارث ،ان کی نشستیں ختم نہیں ہوں گی : خواجہ آصف – urdureport.com
آزاد کشمیر : انتخابات اور ایکشن کمیٹی کا پھر لانگ مارچ کا اعلان – urdureport.com
الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اس کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ہر فیصلہ عوامی مفاد، امن و امان کی صورتحال اور انتخابی عمل کی شفافیت کو سامنے رکھ کر کیا جا رہا ہے۔


