اردو رپورٹ ڈیسک
پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل ہوگئی جبکہ 60 ہزار حج نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
بکنگ 20 نومبر تک جاری رہے گی
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ نشستوں کی دستیابی تک یا 20 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔
حج پورٹل پر 25 منظم کمپنیوں کی جانب سے اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم حج پیکیجز دستیاب ہیں، جن میں عازمین اپنی ضروریات کے مطابق مناسب پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
10 ارب روپے حج واجبات موصول
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 25 منظمین کے اکاؤنٹس میں حج واجبات کی مد میں 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں۔
وزارت کے مطابق موصول ہونے والی رقم میں سے 4 ارب روپے سے زائد رقم آن لائن طریقہ کار کے ذریعے جمع کرائی گئی ہے۔
عازمین کو ادائیگی کے حوالے سے اہم ہدایت
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے صرف ’’پاک حج ایپ‘‘ یا ’’حج پورٹل‘‘ استعمال کریں۔
وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا مالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔


