اردو رپورٹ ڈیسک
سعودی عرب کے جنوبی شہر نجران میں میزائل حملے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے جبکہ 3 گھروں اور 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب سعودی عرب کے خلاف یمن کی حوثی ملیشیا کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی سول ڈیفنس نے حملے میں جانی اور مالی نقصان کی تصدیق کی ہے، تاہم زخمیوں کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
سعودی اتحادی فوج نے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کر دیا
دوسری جانب سعودی اتحادی فوج کے مطابق ریاض، خمیس مشیط اور ابہا کو نشانہ بنانے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔
فوج نے ریاض میں ایک ڈرون کو روکنے جبکہ خمیس مشیط میں دو بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی اتحادی فوج نے حوثی ملیشیا کے میزائل لانچرز کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
نجران میں نیشنل گارڈ کا ہیلی کاپٹر تباہ، 2 افسر جاں بحق
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق نجران میں نیشنل گارڈ کا ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں افسر جاں بحق ہو گئے۔ حکام کی جانب سے واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
حوثی اہداف کے خلاف یمنی فوج کی کارروائیاں
ادھر یمن کی سرکاری فوج کی حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران حوثی اہداف پر 1,417 حملے کیے گئے، جن میں 800 حوثی جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے۔
ان کارروائیوں کے دوران 190 فوجی گاڑیوں اور دیگر عسکری اثاثوں کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

