معروف پاکستانی اینکر، صحافی اور ڈیجیٹل کریئیٹر فرح اقرار نے اپنے شوہر اقرارالحسن کی دیگر اہلیہ سے تعلقات کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
فرح اقرار نے اپنے کیریئر کا آغاز 2007 میں ARY News سے کیا۔ بعد ازاں وہ Samaa TV، PTV Home، Ab Tak News اور Dawn News سے بھی وابستہ رہیں۔ اس وقت وہ اپنا یوٹیوب چینل چلا رہی ہیں جہاں وی لاگز اور پوڈکاسٹس شیئر کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ فرح اقرار، اقرارالحسن کی دوسری اہلیہ ہیں۔ اقرارالحسن کی دیگر اہلیہ میں قرۃ العین اقرار اور عروسا خان شامل ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین اکثر ان کے باہمی خوشگوار تعلقات پر حیرت کا اظہار کرتے ہیں۔
حال ہی میں فرح اقرار نے عروسا خان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے دیگر اہلیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات پر گفتگو کی۔
گفتگو کرتے ہوئے فرح اقرار کا کہنا تھا کہ ہر انسان اپنی سوچ اور خوبیوں کے لحاظ سے منفرد ہوتا ہے اور اگر وہ سب ایک ساتھ ہیں تو اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی نجی زندگی کی زیادہ تر ملاقاتیں سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہم اسکرین پر اپنی ملاقاتوں کا ایک فیصد بھی نہیں دکھاتے، جبکہ حقیقت میں ہم زیادہ وقت ایک ساتھ گزارتے ہیں۔ اکثر رات گئے تک بیٹھک ہوتی ہے اور کبھی میٹھا کھانے باہر چلے جاتے ہیں۔ زندگی کو کبھی کبھار نجی رکھنا بھی اچھا ہوتا ہے۔”
فرح اقرار نے مزید کہا کہ ان کا رشتہ باہمی احترام پر قائم ہے اور وہ ایک دوسرے کو عزت اور محبت دیتی ہیں۔ ان کے مطابق معاشرتی روایات کی وجہ سے لوگ یہ قبول نہیں کرتے کہ شوہر کی بیویاں آپس میں خوشگوار تعلق رکھ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ دوسری شادی کے حق میں بات کرتی ہیں تو بعض لوگ انہیں ’خواتین کی مفتی طارق مسعود‘ کہہ کر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، حالانکہ یہ عمل مذہب میں جائز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مردوں کے لیے بھی آسان نہیں ہوتا، تاہم باہمی احترام اور سمجھ داری سے اسے نبھایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئیے


