وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

حکام کے مطابق حج پروازوں کے حتمی شیڈول کا اعلان 15 مارچ 2026 تک متوقع ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف Sardar Muhammad Yousaf کی خصوصی ہدایت پر عازمینِ حج کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ ان میں سے ایک لاکھ 20 ہزار عازمین سرکاری حج سکیم کے تحت جبکہ 60 ہزار عازمین پرائیویٹ حج سکیم کے ذریعے سعودی عرب جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت جانے والے عازمین کی تربیت کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
اس جامع تربیتی پروگرام میں عازمین کو پاکستان سے روانگی، مناسکِ حج کی ادائیگی اور واپسی تک کے تمام مراحل کے بارے میں عملی رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ وہ حج کے ارکان ادا کرتے وقت کسی مشکل کا سامنا نہ کریں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب ہونے والے 870 خدام الحجاج کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ انہیں انسانی جانیں بچانے، ہجوم کو منظم کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ حج آپریشن کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل ان خدام کو ایک خصوصی اسپیشلائزڈ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خدام الحجاج کو پاکستان سے ہی مکمل طور پر تیار کر کے سعودی عرب بھیجنا ہے تاکہ وہ وہاں پہنچتے ہی بغیر کسی تاخیر کے عازمین کی خدمت شروع کر سکیں۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے گریوینس سیل اور ہیلپ لائن (051-9205696) بھی فعال کر دی ہے جہاں حج 2026 سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں سال حج آپریشن ماضی کے مقابلے میں زیادہ منظم اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ ہوگا، جس کی نگرانی وفاقی وزیر خود کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئِے


