اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد اور راولپنڈی کے قریب پوٹھوہار کے علاقے میں واقع گکھڑ دور کے چار اہم تاریخی مقامات کو بحالی اور تزئین و آرائش کے بعد عام سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دریائے سواں کے اطراف موجود ان تاریخی مقامات میں مائی قمرو مسجد، سلطان مقرب خان کا مقبرہ، پھروالا مقبرہ اور راوت قلعہ شامل ہیں۔ ان میں بعض مقامات کئی سو سال جبکہ پھروالا سے منسوب تاریخی ورثہ تقریباً ایک ہزار سال پرانا بتایا جاتا ہے۔
Honourable Federal Minister for National Heritage and Culture Division , Mr. Aurangzeb Khan Khichi, inaugurated the historical Mai Qamro Mosque and the Tomb of Sultan Muqarab Khan at Bagh Jogian Islamabad, enlisted on tentative list of world Heritage Sites UNESCO. pic.twitter.com/u0t70HLRtp
— National Heritage and Culture Division (@DivisionCulture) August 24, 2026
تاریخی ورثے کی بحالی
حکام کے مطابق ان مقامات کی حالت طویل عرصے سے خراب تھی اور یہاں سیاحوں کی رسائی بھی محدود تھی۔ تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے تقریباً 54 ملین روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا، جس پر کام 2022 میں شروع ہوا اور تقریباً تین سال تک جاری رہا۔
بحالی کے دوران تاریخی عمارتوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقے کو بھی بہتر بنایا گیا۔ تقریباً 48 کنال اراضی کو واگزار کرا کے محفوظ کیا گیا، باڑ لگائی گئی اور سیاحوں کے لیے باغ، بیٹھنے کی جگہوں اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا گیا۔
سیکیورٹی اور سیاحتی سہولیات
تاریخی مقامات پر سیکیورٹی کے لیے کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی گارڈز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق سیاحوں کی سہولت کے لیے صفائی، باغبانی اور دیگر انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان مقامات کو ملکی و غیر ملکی سیاحوں، تاریخ کے طلبہ، محققین اور آثار قدیمہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ایک اہم مرکز بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یونیسکو کی عارضی فہرست میں شامل
چاروں تاریخی مقامات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام پوٹھوہار کے گکھڑ دور کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
متعلقہ حکام کو امید ہے کہ ضروری شرائط اور دیگر مراحل مکمل ہونے کے بعد ان مقامات کو عالمی ثقافتی ورثے کا مستقل درجہ دلانے کی کوششیں مزید آگے بڑھائی جاسکیں گی۔
پھروالا قلعہ گکھڑ تاریخ کا اہم مرکز
تاریخی شواہد کے مطابق گکھڑ قبیلہ پوٹھوہار کے خطے میں طویل عرصے تک سیاسی اور عسکری اثر و رسوخ رکھتا رہا۔ پھروالا قلعہ گکھڑ حکمرانوں کے اہم مراکز میں شمار ہوتا تھا اور موجودہ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم اور گردونواح کے علاقوں کی تاریخ سے اس کا گہرا تعلق ہے۔
گکھڑ دور سے وابستہ قلعے، مساجد اور مقبرے آج بھی پوٹھوہار کے تاریخی تشخص کی نمایاں علامت ہیں۔
سیاحوں کے لیے رسائی بہتر بنانے کا منصوبہ
حکام کے مطابق تاریخی مقامات تک پہنچنے والی تقریباً دو کلومیٹر سڑک کی حالت مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں سڑک کو پختہ اور بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاح باآسانی ان مقامات تک پہنچ سکیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار کے تاریخی مقامات کو سیاحتی نقشے پر نمایاں کرنے سے نہ صرف پاکستان کے قدیم ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاسکے گا بلکہ مقامی سطح پر ثقافتی سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
مذید پڑھئیں
عمان کا 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف، غیر ملکی مسافروں کو بڑی سہولت – urdureport.com
خبردار یہاں مردوں کا داخلہ منع ہے:وادی کیلاش کی دنیا سے نرالی روایات – urdureport.com
ماونٹ ایورسٹ: کوہ پیما خطرات کی لپیٹ میں آگئے – urdureport.com


