اسلام آباد: غیر ملکی وفود کی آمد اور اہم مذاکرات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر کے ٹریفک کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق اسلام آباد کا ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گا، جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رکھا جائے گا۔ سری نگر ہائی وے پر بھی سکیورٹی وجوہات کے باعث مختلف اوقات میں ٹریفک کی آمد و رفت معطل کی جا سکتی ہے۔
انتظامیہ نے شہر میں داخل ہونے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دنوں میں اسلام آباد کا رخ نہ کریں۔
پبلک ٹرانسپورٹ بند
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے میں شہر میں ہر قسم کی پبلک، پرائیویٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جو تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔ شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
ادھر اسلام آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ نے پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ کی معطلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل پلان بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشی مارگلہ روڈ اور 9th ایونیو کے ذریعے راولپنڈی آمد و رفت کر سکیں گے، جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
مزید برآں زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے اور 9th ایونیو کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ کا راستہ اختیار کر سکیں گے۔ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں، صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات کے مطابق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئِے


