بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور (Karisma Kapoor) نے اپنے سابق شوہر سنجے کپور (Sunjay Kapur) سے طلاق اور بچوں کی حوالگی کے مقدمے کے دوران ان پر متعدد سنگین الزامات عائد کیے تھے، جن کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ شادی کے بعد ان کی ازدواجی زندگی انتہائی تکلیف دہ رہی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہنی مون کے دوران سنجے کپور نے انہیں اپنے دوستوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی، اور انکار پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے سابق شوہر نے انہیں اپنے ایک دوست کے سامنے "بولی” لگانے کی کوشش کی۔
کرشمہ کپور نے مزید الزام عائد کیا تھا کہ سنجے کپور نے ان کے ساتھ مالی وعدے پورے نہیں کیے، جبکہ ان کی سابقہ ساس بھی مبینہ طور پر ان کے ساتھ ناروا سلوک کرتی تھیں۔ اداکارہ کے مطابق حمل کے دوران ایک موقع پر جب وہ تحفے میں دیا گیا لباس نہ پہن سکیں تو سنجے کپور نے اپنی والدہ سے انہیں تھپڑ مارنے کے لیے کہا۔
شوہر کے تعلقات
اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ سنجے کپور شادی کے دوران دوسری خواتین کے ساتھ تعلقات رکھتے تھے اور ان کی والدہ بھی ان کے طرزِ عمل کی حمایت کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ کرشمہ کپور اور سنجے کپور نے 2003 میں شادی کی تھی، تاہم 2014 میں علیحدگی اختیار کر لی اور 2016 میں دونوں کی طلاق ہو گئی۔ عدالت نے بچوں کی تحویل کرشمہ کپور کو دی، جبکہ سنجے کپور کو وقتاً فوقتاً بچوں سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔
دوسری جانب سنجے کپور نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کرشمہ کپور نے ان سے دولت کی خاطر شادی کی تھی، جبکہ طلاق کی کارروائی کے دوران انہوں نے اداکارہ پر اچھی ماں نہ ہونے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔
یہ تمام الزامات طلاق کے مقدمے کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے تھے، تاہم ان الزامات پر کسی فوجداری عدالت کی جانب سے سنجے کپور کو مجرم قرار نہیں دیا گیا۔


