اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے پہلی مرتبہ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی، جہاں انہوں نے عالمی سینما کے پلیٹ فارم پر پاکستان اور جنوبی ایشیا کی نمائندگی کی۔ اسی موقع پر اداکارہ نے اپنے دوسرے بچے کی آمد کی خوشخبری سنائی۔
فیسٹیول کے کمیونٹی امپیکٹ پروگرام کے تحت ماہرہ خان نے ایک مباحثے کی میزبانی کی اور سینما کے لیے خدمات، جبکہ عالمی سطح پر نظر انداز کیے جانے والے موضوعات اور کہانیوں کو اجاگر کرنے پر ایک اعزاز بھی حاصل کیا۔
ماہرہ خان نے ’میڈیا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ہمیشہ سے ان تقریبات میں شامل رہا ہے جہاں وہ نئی فلمیں دیکھنے کی خواہش رکھتی تھیں۔ تاہم، اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر وہ پاکستان کو عالمی فورم پر جنوبی ایشیا کی ایک اہم آواز کے طور پر پیش کرنا زیادہ ضروری سمجھتی ہیں۔
mahira can truly never go wrong with a saree! And that baby bump makes the look even more special 🥹🤍 🪬 pic.twitter.com/mtfbW4Je2j
— asra. (@intezaar_thaa) September 13, 2026
ماہرہ خان کی فیسٹیول میں مصروفیات
ماہرہ خان نے فیسٹیول کے دوران فلم ’یور مدر یور مدر یور مدر‘ کے عالمی پریمیئر میں شرکت کی۔ اس فلم کی ہدایت کاری پاکستانی نژاد فلم ساز باسَم طارق نے کی ہے، جبکہ اس میں آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ماہَرشالا علی بھی شامل ہیں۔
اداکارہ باسَم طارق کے ساتھ فلم سازی، کہانی بیان کرنے کے فن اور جنوبی ایشیا کی نمائندگی کے موضوع پر ہونے والے ایک مباحثے میں بھی شریک ہوں گی۔
اس کے علاوہ ماہرہ خان اور باسَم طارق کو مسلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ٹورنٹو کی جانب سے سینما اور فنونِ لطیفہ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ’مسلم ایکسی لینس اِن سینما اینڈ آرٹ‘ ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔
ماہرہ خان نے دوسری بار ماں بننے کی خوشخبری سنادی
ٹورنٹو میں ماہرہ خان کی شرکت کا سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والا پہلو ان کی دوسری حمل کی خبر تھی۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ 17 سال بعد دوبارہ ماں بننے والی ہیں۔
ان کے پہلے بیٹے اذلان کی پیدائش اس وقت ہوئی تھی جب ماہرہ خان کی عمر 24 برس تھی۔
41 سالہ اداکارہ کے مطابق موجودہ حمل کا تجربہ پہلے حمل سے بالکل مختلف اور زیادہ مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے اس مرحلے پر جسمانی اور جذباتی تبدیلیوں کے باعث انہیں خوشی کے ساتھ خوف، تھکن اور حساسیت جیسے احساسات کا بھی سامنا ہے۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ عموماً اپنی نجی زندگی کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھتی ہیں اور حمل کی خبر عام کرنے کے حوالے سے بھی تذبذب کا شکار تھیں، خاص طور پر ریڈ کارپٹ کے لیے لباس کے انتخاب کے وقت۔
تاہم، انہوں نے اپنی موجودہ صورتحال کو چھپانے کے بجائے اسے قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔


