پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے مبینہ آن لائن ہراسانی، سائبر بُلیئنگ اور دھمکی آمیز رویوں کا سامنا کر رہی ہیں، جس کے باعث انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت ایم پی اے جس کا تعلق حکمران جماعت مسلم۔لیگ نے سے ہے ان کی جانب سے انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملے سے متعلق متعدد بار متعلقہ تحقیقاتی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں سے رجوع کیا گیا، تاہم اب تک کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
مومنہ اقبال کے مطابق انہوں نے قانونی تحفظ کے حصول کے لیے مختلف فورمز پر درخواستیں جمع کرائیں، لیکن ان کی شکایات پر خاطر خواہ کارروائی نہ ہونے سے انہیں مایوسی کا سامنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انصاف کے حصول کی کوششوں کے دوران ان کے خاندان کو بھی مختلف نوعیت کے خطرات لاحق ہوئے ہیں۔
مذید پڑھئِے
اداکارہ حنا الطاف نے دورانِ شوٹنگ ہراسانی واقعہ کا انکشاف کر دیا – urdureport.com
زچگی کے بعد ذہنی جسمانی تبدیلیوں بارے زارا نور عباس کھل کر بول پڑیں – urdureport.com
اداکارہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پریس کانفرنس کی دھمکی
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو وہ آئندہ مرحلے میں پریس کانفرنس میں مزید تفصیلات اور دستیاب شواہد عوام کے سامنے رکھنے پر غور کریں گی۔
مومنہ اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے کر قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کریں۔


