پاکستان کی معروف اداکارہ، ہدایت کارہ اور پروڈیوسر ریما خان نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار انہوں نے جذبات میں آ کر ایک ساتھی اداکارہ کو سرِعام تھپڑ مار دیا تھا۔
یہ انکشاف انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اس واقعے پر افسوس اور ندامت کا اظہار بھی کیا۔
ریما خان نے تھپڑ کیوں مارا؟
ریما خان کے مطابق یہ واقعہ اسلام آباد میں فلم “مس استنبول” کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا، جب سیٹ پر کافی ہجوم موجود تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ساتھی اداکارہ کی جانب سے بدتمیزی اور نازیبا الفاظ کے استعمال کے بعد وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ردعمل میں یہ قدم اٹھا بیٹھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ فطرتاً خاموش مزاج اور اپنے کام سے کام رکھنے والی شخصیت ہیں، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ جوانی میں بعض اوقات انسان جذباتی ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق آج وہ اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتی ہیں اور سمجھتی ہیں کہ صبر اور برداشت بہتر راستہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے تجربات نے انہیں یہ سکھایا ہے کہ اختلافات یا تنازعات میں جلد بازی کے بجائے برداشت اور تحمل سے کام لینا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔
ریما خان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، تاہم اداکارہ نے کسی بھی نام کا ذکر کیے بغیر صرف ماضی کے ایک واقعے پر روشنی ڈالی ہے۔
یہ بھی پڑھئِے


