اردو رپورٹ ڈیسک
سندھ میں ریبیز کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں رپورٹ ہونے والے ریبیز کیسز کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔
کراچی کے جناح اسپتال میں 27 سالہ خاتون میں ریبیز (Rabies)وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ خاتون کا تعلق ٹنڈوالہیار سے ہے، جسے چھ ماہ قبل دائیں ٹخنے پر آوارہ کتے نے کاٹا تھا۔ کتے کے کاٹنے کے بعد خاتون کو اینٹی ریبیز ویکسین کی تین خوراکیں بھی لگائی گئی تھیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کو 12 ستمبر کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے اسپتال لایا گیا۔ مریضہ میں ریبیز وائرس کی تمام علامات موجود ہیں۔
ریبیز کیا ہے؟
ریبیز ایک خطرناک وائرل بیماری ہے جو عموماً متاثرہ جانور کے کاٹنے یا اس کے لعاب کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ اس بیماری کی علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے کتے یا کسی مشتبہ جانور کے کاٹنے کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔
جانور کے کاٹنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے اچھی طرح دھونا اور فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق اینٹی ریبیز ویکسین اور دیگر حفاظتی علاج بروقت لینا بیماری سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


