متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی اور بڑھتے سفری اخراجات کے پیشِ نظر مقامی افراد کے لیے ایک منفرد “اسٹے کیشن” پلان متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت صرف 24 گھنٹوں میں چار اہم انڈور سیاحتی و ثقافتی مقامات کی سیر ممکن بنائی گئی ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ مختصر مگر جامع سفر Saadiyat Island پر ترتیب دیا گیا ہے، جہاں جدید آرٹ، تاریخ اور عالمی ثقافت کو ایک ہی دن میں دریافت کیا جا سکتا ہے، وہ بھی سخت گرمی سے محفوظ ماحول میں۔
ابو ظہبی کی چار مختلف تاریخی جگہوں کی سیر
اس پلان کا آغاز teamLab Phenomena Abu Dhabi سے ہوتا ہے، جو روشنی، رنگوں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی ایک انٹرایکٹو تجربہ فراہم کرتا ہے۔ یہاں بچے اور بڑے یکساں طور پر آرٹ کو نہ صرف دیکھ سکتے ہیں بلکہ اس کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔

دوسرا مرحلہ Natural History Museum Abu Dhabi کا دورہ ہے، جہاں زمین کی تخلیق، قدیم انسانوں اور ڈائنوسارز سے متعلق نایاب نوادرات رکھے گئے ہیں۔ اس میوزیم میں لاکھوں سال پرانی باقیات اور خلا سے آنے والے شہابیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
تیسرا پڑاؤ مشہور Louvre Abu Dhabi ہے، جو دنیا بھر کی تہذیبوں اور ادوار کے تقریباً چھ ہزار فن پاروں کی نمائش پیش کرتا ہے۔ اس کا منفرد گنبد روشنی کے حسین انعکاس کے ذریعے “بارشِ نور” جیسا دلکش منظر تخلیق کرتا ہے۔
آخری منزل Zayed National Museum ہے، جس کی عمارت شاہین کے پروں سے متاثر ڈیزائن پر مبنی ہے۔ یہاں متحدہ عرب امارات کی قدیم تاریخ اور بانی رہنما شیخ زید بن سلطان النہیان سے متعلق اہم اشیاء محفوظ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس مکمل تجربے کے لیے 170 درہم کا خصوصی میوزیم پاس دستیاب ہے، جبکہ 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔ یہ اسٹے کیشن منصوبہ Staycation plan نہ صرف رہائشیوں بلکہ سیاحوں کے لیے بھی کم وقت میں بھرپور ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئِے


