طارق اقبال چوہدری
اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں درآمدی الیکٹرک گاڑیوں (EVs) پر 25 فیصد تک سیلز ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر موجودہ ٹیکس شرح برقرار رہنے کی توقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مختلف سیلز ٹیکس رعایتیں 30 جون 2026 کو ختم ہو رہی ہیں۔ موجودہ شیڈول کے تحت مقامی مینوفیکچررز کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے درآمد کیے جانے والے کمپلیٹلی ناکڈ ڈاؤن (CKD) کٹس پر سیلز ٹیکس سے استثنا بھی اسی تاریخ کو ختم ہو جائے گا۔
یہ رعایت 50 کلوواٹ آور (kWh) یا اس سے کم بیٹری والے چھوٹے الیکٹرک کاروں اور ایس یو ویز، جبکہ 150 کلوواٹ آور یا اس سے کم بیٹری والے لائٹ کمرشل وہیکلز (LCVs) پر لاگو ہے۔
اس وقت مقامی طور پر تیار یا اسمبل کی جانے والی چار پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں پر 30 جون 2026 تک صرف ایک فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہے۔ اس میں 50 kWh یا کم بیٹری والی کاریں اور ایس یو ویز، نیز 150 kWh یا کم بیٹری والے لائٹ کمرشل وہیکلز شامل ہیں۔
اسی طرح مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر 30 جون 2026 تک 8.5 فیصد سے 12.75 فیصد تک رعایتی سیلز ٹیکس نافذ ہے۔
سینیٹ کمیٹی کی منظوری
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے کسٹمز (ترمیمی) بل 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد آٹو موٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی (AIDEP) 2021-26 کی مالیاتی شقوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر کسٹمز (ترمیمی) ایکٹ 2026 کی سفارش کی۔
ای وی پرزہ جات پر رعایت میں توسیع
حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے پرزہ جات اور اجزا کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت کو 30 جون 2026 تک توسیع دینے کی تجویز بھی دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور مقامی سطح پر ای وی مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
وفاقی کابینہ نے 16 جون 2020 کو پہلی مرتبہ ای وی پالیسی کی منظوری دی تھی، جس کے تحت یکم جولائی 2020 سے پانچ سال کے لیے الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں، بھاری تجارتی الیکٹرک گاڑیوں (ٹرک، بسیں اور پرائم موورز) اور ان کے مخصوص پرزہ جات کی درآمد پر رعایتی کسٹمز ڈیوٹی دی گئی تھی۔
مذید خبریں
سالانہ بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا،اجلاس طلب – urdureport.com
BYD کا73.4 ایکڑ پر پاکستان میں پروڈکشن یونٹ ،2026 میں پہلی گاڑی – urdureport.com
بعد ازاں 21 دسمبر 2021 کو منظور ہونے والی AIDEP 2021-26 کے تحت ان مراعات میں 30 جون 2026 تک توسیع کر دی گئی تھی۔ اس پالیسی میں لائٹ کمرشل گاڑیوں اور وینز کے لیے ای وی مخصوص پرزہ جات کی درآمد پر بھی رعایت شامل کی گئی۔
مکمل تیار شدہ الیکٹرک گاڑیوں پر بھی رعایت
کسٹمز (ترمیمی) بل 2026 کے تحت حکومت نے مکمل تیار شدہ الیکٹرک گاڑیوں (CBUs) کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت کو بھی 30 جون 2026 تک بڑھا دیا ہے۔
یہ رعایت مقامی طور پر اسمبل یا تیار کیے جانے والے ایک ہی ویریئنٹ کی 10 گاڑیوں تک دستیاب ہوگی، جبکہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ 200 یونٹس کی حد مقرر کی گئی ہے۔
یہ سہولت صرف ان گاڑیوں کو حاصل ہوگی جنہیں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) نے ای وی پالیسی 2020 کے تحت منظور اور تصدیق شدہ قرار دیا ہو۔


