اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق قومی کپتان محمد رضوان اور اوپننگ بلے باز امام الحق کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے روک دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دونوں قومی کرکٹرز کے خلاف یہ فیصلہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے جاری تحقیقات کے دوران کیا ہے۔
اس فیصلے کے نتیجے میں دونوں کھلاڑی پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی میں دونوں کی شرکت متاثر
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے فیصلے کے باعث محمد رضوان اور امام الحق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں نہیں کھیل سکیں گے۔
محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کے لیے سوئی گیس کی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا، جبکہ امام الحق کو او جی ڈی سی ایل کی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔
فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کا معاملہ
ذرائع کے مطابق قواعد کے تحت دونوں کرکٹرز نے اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب دونوں کھلاڑی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔


