اتوار, 27 ستمبر 2026
  • Home  
  • سہیل آفریدی کی لاہور میں : سٹریٹ موومنٹ میں تیزی پولیس کی مذمت
- پاکستان

سہیل آفریدی کی لاہور میں : سٹریٹ موومنٹ میں تیزی پولیس کی مذمت

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں، میاں اکرم عثمان کے گھر مبینہ پولیس چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں پر شدید تنقید کی۔

اردو رپورٹ ڈیسک

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور کے دورے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوسرے روز سہیل آفریدی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اکرم عثمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے میاں اکرم عثمان کے گھر مبینہ پولیس چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔

چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی پر اعتراض

سہیل آفریدی نے کہا کہ ’ان کی جرأت کیسے ہوتی ہے کہ یہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہیں؟‘

انہوں نے کہا کہ گھروں میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے باوجود اس طرح کی کارروائیاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ان کے مطابق سیاسی کارکنوں کے گھروں پر دھاوے بولنا بنیادی شہری اور معاشرتی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

سیاسی سرگرمیوں سے خوف کیوں؟

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے رویے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ حکمران اپوزیشن کی معمولی سیاسی سرگرمیوں، جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں سے اتنا خوفزدہ کیوں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا ملک میں آمریت ہے کہ سیاسی سرگرمی کرنے پر کارکنوں کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں؟

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں، مقدمات اور ’پولیس گردی‘ کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور قیادت کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں کا جائزہ

سہیل آفریدی نے لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتوں کے دوران آئندہ سیاسی سرگرمیوں اور 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے سیاسی کارکنوں کے خلاف مبینہ کارروائیوں، گرفتاریوں اور مقدمات کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنے بنیادی آئینی حقوق اور سیاسی آزادی کے لیے آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کے بقول، ’مزاحمت کے بغیر حل نہیں ہے۔‘

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!