بیونس آئرس / واشنگٹن: ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (AFA) کے امریکا میں ہونے والے بعض مالی معاملات امریکی حکام کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (FBI) مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق بعض مالی ٹرانزیکشنز پر تحقیقات کر رہا ہے ۔
یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں ابھر کر سامنے آیا ہے جب ارجنٹائن کی قومی ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کھیل رہی ہے اور ارجنٹینا نے ایک متنازع میچ میں مصر سے خلاف فتح حاصل کی ہے، جس کے باعث اب اس منی لانڈرنگ تحقیقات کی خبر نے خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
ارجنٹائن کے اخبار لا ناسیون کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات کا محور فلوریڈا میں قائم کمپنی Tour Pro Inter LLC ہے، جو مبینہ طور پر امریکا میں ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے تجارتی اور مالی معاملات سے وابستہ رہی ہے۔

رپورٹ کے مندرجات
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی بینکاری نظام کے ذریعے تقریباً 260 ملین ڈالر کی مالی منتقلیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان میں سے کسی لین دین نے امریکی مالیاتی قوانین یا منی لانڈرنگ سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 57 ملین ڈالر مختلف کمپنیوں اور افراد کو منتقل کیے گئے، جن کے بارے میں تحقیقاتی ادارے ان ادائیگیوں کی معاشی اور تجارتی بنیاد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بینک ریکارڈز اور دیگر مالی دستاویزات کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
تحقیقات میں جن مالیاتی اداروں کے ذریعے رقوم منتقل ہونے کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں Citibank، Bank of America، JPMorgan Chase، PNC Bank اور Synovus Bank شامل ہیں۔ تاہم رپورٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ان بینکوں پر کسی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمی کا الزام عائد نہیں کیا گیا، بلکہ ان کا ذکر صرف متعلقہ ٹرانزیکشنز کی پراسیسنگ کے حوالے سے کیا گیا ہے۔
تحقیقات کا دائرہ کار وسیع
رپورٹس کے مطابق تحقیقات کا دائرہ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن سے وابستہ بعض عہدیداروں تک بھی پھیلایا گیا ہے، جن میں صدر کلاڈیو تاپیا کا نام بھی سامنے آیا ہے۔
مذید خبریں
ریفری بے ایمان تھا،میچ فکس ،مصری کھلاڑی پھٹ پڑے – urdureport.com
رونالڈو کا ورلڈ کپ خواب ادھورا، میزبان امریکہ بھی ٹورنامنٹ سے باہر – urdureport.com
تاہم، اب تک نہ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن، نہ کلاڈیو تاپیا اور نہ ہی کسی دوسرے عہدیدار پر کوئی فوجداری الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ان کا مقصد متعلقہ مالی معاملات کا جائزہ لینا ہے۔


