ایمریٹس ایئرلائن نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے 2026 کے بزنس ٹریولر مڈل ایسٹ (BTME) ایوارڈز میں دنیا کی بہترین ایئرلائن کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کو بہترین فرسٹ کلاس سروس اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بہترین ایئرپورٹ لاؤنج کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
یہ ایوارڈز بزنس ٹریولر مڈل ایسٹ کی جانب سے دیے جاتے ہیں، جن میں فاتحین کا انتخاب قارئین کی نامزدگیوں اور ووٹنگ کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ایمریٹس کی جانب سے یہ اعزازات ڈپٹی پریزیڈنٹ اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے وصول کیے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایمریٹس فضائی اور زمینی دونوں سطحوں پر مسافروں کے تجربے کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی اپنے بڑے فلیٹ اپ گریڈ پروگرام پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے، جس کے تحت سینکڑوں ایئربس A380 اور بوئنگ 777 طیاروں کو جدید بنایا جا رہا ہے جبکہ نئے A350 طیارے بھی بیڑے میں شامل کیے جا رہے ہیں۔
ایمریٹس کی خدمات
اس وقت ایمریٹس Emirates دنیا کے 70 سے زائد مقامات پر جدید اور اپ گریڈ شدہ طیاروں کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے، جس سے مسافروں کو بہتر اور یکساں معیارِ سفر میسر آ رہا ہے۔
مذید خبریں
ممتاز محل:چودھویں زچگی میں وفات پانے والی ملکہ کی محبت اور قربانی کی لازوال داستان – urdureport.com
محبوب نبیﷺ سے محبت : جب لیجنڈ محمد علی کا ستارہ دیوار میں لگا – urdureport.com
فرسٹ کلاس سروس کو عالمی سطح پر لگژری ایئر ٹریول کا معیار سمجھا جاتا ہے، جس میں نجی کیبنز، آن ڈیمانڈ ڈائننگ، اعلیٰ معیار کی شیمپین اور کیویار، لگژری ایمینیٹی کٹس اور A380 میں شاور سپا جیسی سہولیات شامل ہیں۔
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمریٹس کے فرسٹ کلاس لاؤنجز کو بھی بہترین لاؤنج کا اعزاز دیا گیا، جہاں مسافروں کو آلا کارٹ ڈائننگ، سپا سروسز، ڈیوٹی فری شاپنگ اور براہِ راست بورڈنگ گیٹس جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سروس نیٹ ورک میں مسلسل سرمایہ کاری اسے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری میں نمایاں مقام پر برقرار رکھے ہوئے ہے۔


