پاکستانی شوبز انڈسٹری میں لباس اور سماجی اقدار سے متعلق جاری بحث نے اس وقت نئی صورت اختیار کر لی جب اداکارہ علیزے شاہ اور اداکارہ سارہ خان کے درمیان اختلافات سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے۔
تنازع کا آغاز گلوکار فلک شبیر کے اس بیان کے بعد ہوا جس میں انہوں نے بعض مختصر اور نامناسب لباسوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ فلک شبیر کے مؤقف کو ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ سارہ خان نے بھی سراہا اور اس کی حمایت کی۔
تاہم علیزے شاہ نے اس موقف پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ماضی میں فلک شبیر کے ایک میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران انہیں ایسے لباس پہننے اور مناظر عکس بند کروانے کی ہدایت دی گئی تھی جنہیں آج تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملبوسات کے انتخاب اور ویڈیو کے تخلیقی عمل میں سارہ خان بھی شریک تھیں۔

سوشل میڈیا پر بحث
علیزے شاہ کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر بحث نے مزید زور پکڑ لیا۔ اسی دوران سوشل میڈیا شخصیت زویا شیراز نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے علیزے شاہ کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی فنکار کو زبردستی کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنایا جاتا اور میوزک ویڈیو میں شرکت علیزے شاہ کا ذاتی فیصلہ تھا۔
مزید خبریں
اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی وائرل امیر دولہےحمزہ امیر بارئے تجسس بڑھ گیا – urdureport.com
جسم تھکن سے چُور ، لیکن دل زیادہ مسرور، درفشاں سلیم کے حج جذبات – urdureport.com
زویا شیراز کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سارہ خان نے اس پر ہنستے ہوئے ایموجی کے ذریعے ردعمل دیا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے علیزے شاہ کے الزامات پر بالواسطہ تبصرہ قرار دیا۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث بدستور جاری ہے، تاہم فلک شبیر اور سارہ خان کی جانب سے علیزے شاہ کے الزامات پر اب تک کوئی تفصیلی یا باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔


