اردو رپورٹ ڈیسک
راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث ضلعی انتظامیہ نے انخلا کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ شہریوں اور طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر راولپنڈی سٹی کی حدود میں واقع تمام تعلیمی ادارے آج، یکم ستمبر کو بند رہیں گے۔
راولپنڈی کی حدود مین نالہ لئی بھپر گیا اور بارش کا پانی شہریوں کے گھروں مین داخل ہو گیا شہر مین ایمرجنسی سائرن بجائے گئے اور امدادی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا۔جبکہ جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث گاڑیوں سڑکوں پر پھنس گئیں۔
انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح مقررہ انخلا کی حد 20 فٹ سے تجاوز کرچکی ہے۔
پانی کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے باعث گوالمنڈی سمیت دیگر نشیبی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور کمزور و نشیبی علاقوں میں ضروری انخلا سمیت ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنڈی کا محلہ وارث خان ڈوب گیا، شہر کے کئی علاقوں کی یہی صورتحال ہے، بہت پانی آیا ہے۔۔!! pic.twitter.com/KH0gpMpd7q
— Urdu Report (@UrduReportpk) September 1, 2026
تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے مطابق شہریوں اور طلبہ کی حفاظت کے لیے راولپنڈی سٹی کی حدود میں تمام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ شہریوں کو شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ نالہ لئی، برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہیں۔ والدین سے بھی کہا گیا ہے کہ بچوں کی خصوصی نگرانی کریں اور انہیں خطرناک مقامات کے قریب جانے سے روکیں۔
اسلام آباد میں بھی شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش آئندہ ایک گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے نالے میں پانی کی سطح مزید بلند ہوسکتی ہے۔ کٹاریاں میں پانی پہلے ہی مقررہ انخلا کی حد 20 فٹ سے تجاوز کرچکا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، رفتار کم رکھنے اور آگے چلنے والی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بارش کے دوران فوگ لائٹس استعمال کرنے، اپنی لین میں رہنے، انڈیکیٹرز کا درست استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ باندھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ موٹرسائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین میں سفر کرنے اور ہیلمٹ لازمی پہننے کا کہا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر اپنی اور اہل خانہ کی حفاظت کو ترجیح دیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ندی نالوں میں نہانے یا تیراکی سے مکمل اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


