لزبن: عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر اور سعودی کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو (Cristiano Ronaldo) نے کھیل کے میدان میں بے مثال کامیابیوں کے بعد اب ہالی ووڈ کا رخ کر لیا ہے۔
ٹی وی ڈرامہ
رونالڈو اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی ڈرامہ سیریز ‘Day 1s’ کے ذریعے بطور اداکار اور ایگزیکٹو پروڈیوسر شوبز انڈسٹری میں نئی اننگز کا آغاز کر رہے ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منصوبے میں سابق فرانسیسی اسٹار تھیری ہنری (Thierry Henry)، برطانوی اداکار ڈیمیئن لیوس (Damian Lewis)، ریپر ڈیو (Dave) اور اداکارہ کارلوٹا بنات (Carlota Banat) بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
رونالڈو نے اس منصوبے کو اپنی زندگی کا نیا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں کھیل سے باہر بھی مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں آزمانا چاہتے ہیں۔
یہ سیریز UR•Marv Studios کے تحت تیار کی جا رہی ہے، جسے رونالڈو نے معروف فلم ساز میتھیو وان (Matthew Vaughn) کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔ میتھیو وان اس سے قبل Kingsman اور Kick-Ass جیسی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔
مذید خبریں
فیفا ورلڈ کپ 2026 میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، کرسٹیانو رونالڈو – urdureport.com
رونالڈو کا ورلڈ کپ خواب ادھورا، میزبان امریکہ بھی ٹورنامنٹ سے باہر – urdureport.com
رپورٹس کے مطابق ‘Day 1s’ کی شوٹنگ لندن میں جاری ہے اور اس کی کہانی جدید فٹبال کی چمک دمک کے پیچھے چھپے کاروباری مفادات، طاقت کی کشمکش اور سخت مقابلے کے گرد گھومتی ہے۔ تفریحی صنعت کے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ سیریز عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نمایاں کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور فٹبال پر مبنی ڈراموں میں ایک منفرد اضافہ ثابت ہوگی۔


